Cricket, New Zealand, News, Pakistan

عامر کی واپسی سے پیس اٹیک مضبوط ہوگا: شاہد آفریدی

afridi-amir.jpg

آکلینڈ – پاکستانی ٹی 20 کپتان شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کےخلاف تین میچز کی سیریز سے پاکستانی ٹیم کو سخت جان ٹیم قرار دیا ہے جو کیویز کے دیس میں ہوم ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ شاہد آفریدی کا ماننا ہے کہ فاسٹ بالر محمد عامر کی واپسی قومی ٹیم کو تقویت بخشے گی جو عمر گل اور وہاب ریاض کی موجودگی سے مزید مضبوط ہوگئی ہے۔

انگلینڈ کےخلاف یو اے ای میں کھیلی گئی سیریز نے پاکستان کی ٹی 20ٹیم کو عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر پہنچادیا ہے مگر کیویز کےخلاف تینوں میچز میں فتح حاصل کرکے گرین شرٹس خود کو پہلی پوزیشن پر براجمان کرواسکتی ہے۔اس حوالے سے شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ’’ورلڈ ٹی 20سے قبل ہمارے لیے ہر سیریز اہمیت کی حامل ہے اور ظاہر ہے کہ جب آپ جیت رہے ہوتے ہیں تو آپ کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوتا ہے‘‘

سری لنکا کےخلاف ہی میں سیریز جیتنے والی کیوی ٹیم کو پاکستانی کپتان نے سخت حریف قرار دیا ہے ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ بلیک کیپس اس وقت بہت اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ہوم کنڈیشنز میں وہ اور بھی زیادہ مشکل حریف ثابت ہوتے ہیں لیکن یاد رہے کہ ماضی میں پاکستان ہمیشہ یہاں جیتا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ سخت حریف کےخلاف کامیابی حاصل کرنے کیلئے ہمیں سخت کرکٹ کھیلنا ہوگی‘‘

سزا یافتہ فاسٹ بالر محمد عامر کے علاوہ ٹی 20 اسپیشلسٹ عمر گل کی واپسی کو شاہد آفریدی نے پیس اٹیک کی مضبوطی اور ٹیم کمبی نیشن کیلئے عمدہ قرار دیا ہے’’اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ واپسی کے بعد محمد عامر نے لیگ کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔اس کی اچھی بات یہ ہے کہ وہ تگڑا اور مثبت لڑکا ہے اس لیے مجھے امیدہے کہ وہ کافی اچھا کم بیک کرے گا،اس کے علاوہ عمر گل کی واپسی سے ہماری بالنگ لائن مزید مضبوط ہوئی ہے جبکہ وہاب ریاض بھی اچھی فارم میں ہے‘‘

قومی کپتان کے مطابق پاکستانی ٹیم کا کمبی نیشن بہت اچھا ہے ’’مجموعی طور پر ہمارا ٹیم کمبی نیشن بہت اچھا ہے اور مجھے امید ہے کہ تربیتی کیمپ میں ہم نے جو محنت کی ہے وہ رنگ لائے گی۔گزشتہ سیریز میں ہم سے جو غلطیاں ہوئی ہیں، کوشش کریں گے انہیں دہرایا نہ جائے‘‘

پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کےخلاف تین ٹی 20میچز کی سیریز کا پہلا میچ 15جنوری کو آکلینڈ میں کھیلے گی جو پاکستانی وقت کے مطابق دن 11بجے شروع ہوگا۔ اگر پاکستانی ٹیم اس سیریز میں مضبوط کیویز کو تینوں میچز میں شکست دینے میں کامیاب ہوتی ہے تو گرین شرٹس کو آئی سی سی رینکنگ میں سرفہرست ٹیم بننے کا اعزاز حاصل ہوجائے گا۔

“عامر کی واپسی سے پیس اٹیک مضبوط ہوگا: شاہد آفریدی” پر 1 تبصرے

تبصرہ کریں